نئی دہلی، 8؍جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )کیجریوال حکومت دہلی میں آج سے نئی میگا ہیلتھ اسکیم شروع کرنے جا رہی ہے، جس کے تحت دہلی حکومت کے تحت آنے والے کسی بھی سرکاری اسپتا ل میں آپریشن کے لیے 30دن سے زیادہ کی ویٹنگ کی صورت میں اس مریض کا آپریشن دہلی کے پرائیوٹ اسپتالوں میں کروایا جائے گا جس کا خرچ دہلی سرکار اٹھائے گی۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج اس اسکیم کا آغاز کریں گے ، اتنا ہی نہیں، ایم آرآئی ، سی ٹی اسکین اورپی ٹی ،سٹی اسکین جیسے مہنگے ریڈیو تھیریپی ٹیسٹ بھی اب مفت ہوں گے۔حکومت نے اس کے لیے دہلی کے کئی بڑے پرائیوٹ اسپتا لوں کو پینل میں شامل کیا ہے۔
دہلی حکومت کے تحت 30سے زیادہ اسپتا لوں اور پولی کلنک سے مریضوں کو ریفر کئے جانے پر ان کے سبھی مہنگے ریڈیوٹیسٹ پرائیوٹ اسپتالوں میں مفت کئے جائیں گے، جن کا خرچ دہلی سرکار برداشت کرے گی۔الٹراساؤنڈ ،پی ایم جی ،ریڈیو نیوکلیئر اسکین جیسے مہنگے ٹیسٹ بھی اس اسکیم میں شامل ہیں، اس اسکیم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اگر کسی مریض کے آپریشن میں سرکاری اسپتالوں میں 30دن سے زیادہ کی ویٹنگ ہے، تو ایسے میں اس مریض کا علاج پرائیوٹ اسپتا لوں میں ہوگا، جس کا خرچ دہلی سرکار دے گی۔دہلی حکومت کے تحت آنے والے 24اسپتالوں کی طرف سے ریفر کئے جانے والے مریضوں کو یہ سہولت مل سکے گی۔
گال بلیڈر،ہارٹ بائی پاس اور گردے کے آپریشن جیسے مہنگے علاج کے لیے دہلی حکومت نے دارالحکومت کے 48پرائیوٹ اسپتا لوں کو پینل میں شامل کیا ہے،اس اسکیم کے تحت تقریبا 12سب سے سنگین اور مہنگے آپریشن سرکاری اسپتالوں میں تاخیر ہونے کی صورت میں اب پرائیوٹ اسپتالوں میں ہوں گے، حالانکہ اس اسکیم کا فائدہ صرف دہلی کے رہنے والے مریضوں کو ہی ملے گا۔سرکاری اسپتالوں کی طرف سے آپریشن اور مفت ٹیسٹ ریفر کئے جانے کی صورت میں انہیں دہلی سے منسلک اپنا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا، جس میں آدھار کارڈ، ووٹرآئی ڈی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی شامل ہیں۔
غورطلب ہے کہ دہلی کے سرکاری اسپتال ڈاکٹروں اور سرجنوں کے ساتھ ساتھ آلات کی کمی کا شکار ہیں، ایسے میں مریضوں کو اس کا خمیازہ نہ اٹھانا پڑے، اس کے لیے کیجریوال حکومت یہ نئی اسکیم لے کر آئی ہے، حالانکہ یہ اسکیم کارپوریشن انتخابات کے پہلے ہی لاگو ہونی تھی، لیکن کارپوریشن انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد دہلی میں ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے اس اسکیم کے نفاذمیں تقریبا تین مہینے کی تاخیر ہوئی ہے، لیکن آج اس اسکیم کے لاگو ہونے کے بعد سے دہلی کا رہنے والا کوئی بھی شہری بیماریوں سے منسلک مفت ٹیسٹ اور مفت علاج کا فائدہ اٹھا پائے گا۔